دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی لڑکی کوچندہ دینے کی مہم
دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی لڑکی کوچندہ دینے کی مہم

دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی لڑکی کوچندہ دینے کی مہم

عام طور پر چندہ مہم ایسے افراد کے لیے چلائی جاتی ہے، جو معاشی طور پر کمزور ہوں یا جنہیں پیسوں کی سخت ضرورت ہو۔

تاہم ایک یہودی شخص نے حال ہی میں دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی بننے کے قریب امریکی ماڈل، ٹی وی اسٹار اور بیوٹیشن کایلی جینر کے لیے چندہ مہم شروع کرکے انوکھی مثال قائم کردی۔

لیکن اس سے زیادہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ کئی افراد نے 90 کروڑ ڈالر کی مالک کایلی جینر کو مزید امیر بنانے کے لیے چندہ فراہم بھی کیا۔

جی ہاں، برطانوی فیشن میگزین ‘ہارپر بازار’ کی رپورٹ

 کے مطابق جوش اوسٹرو وسکی نامی یہودی شخص نے 20 سال سے بھی ایک ماہ کم عمر ماڈل و ٹی وی اسٹار کایلی جینر کو جلد سے جلد 100 کروڑ ڈالر کی مالک بنانے کے لیے آن لائن چندہ جمع کرنے کی مہم شروع کردی۔

دی فیٹ جیوش کے نام سے اپنے انسٹاگرام پیج پر یہودی شخص نے کایلی جینر کے لیے شروع کی گئی چندہ مہم کی پوسٹ بھی شیئر کی، جس کے بعد کئی لوگوں نے دنیا کی کم عمر ترین امیر لڑکی کو چندہ دینا شروع کیا۔

امریکی جریدے ’فوربس‘ نے حال ہی میں امریکا کی امیر ترین خواتین کی فہرست جاری کی، جس میں جریدے نے کایلی جینر کو پہلے نمبر پر رکھا۔

فوربز کے مطابق کایلی جینر 20 سال کی عمر میں 90 کروڑ امریکی ڈالر کی مالک بننے والی لڑکی ہیں۔

اگرچہ کایلی جینر کو 20 سال کی عمر میں سب سے امیر ہونے والی لڑکی کا اعزاز دیا گیا، تاہم وہ امریکا کی امیر ترین خواتین میں مجموعی طور پر 27 ویں نمبر پر ہیں۔

کایلی جینر کو کم عمر ترین امیر لڑکی قرار تو دیا گیا، تاہم ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ابھی تک وہ 100 کروڑ ڈالر کی مالک نہیں بنیں، جس وجہ سے انہیں مکمل طور پر ابھی سے اب پتی نہیں کہا جاسکتا۔

ایلی جینر کی دولت میں 10 کروڑ کی کمی کو دیکھتے ہوئے یہودی شخص نے ان کے لیے چندہ مہم شروع کی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امیر ترین لڑکی کو چندہ دے کر اسے آفیشلی ارب پتی بنانے میں کردار ادا کریں۔

چندہ مہم شروع کرنے والے شخص کا کہنا تھا کہ 10 کروڑ ڈالر کمانے کے لیے کایلی جینر کو ایک سال تک انتظار کرنا پڑے گا، اس لیے اس کا انتظار ختم کرکے ابھی سے ہی انہیں ارب پتی بنانے میں کردار ادا کریں۔

دوسری جانب معروف ڈکشنری ‘ڈکشنری ڈاٹ کام’ نے بھی فوربز کی جانب سے کایلی جینر کو ‘سیلف میڈ’ ارب پتی قرار دیے جانے پر ادارے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ڈکشنری ڈاٹ کام نے ٹوئیٹ کے ذریعے سیلف میڈ لفظ کی تشریح کرتے ہوئے بتایا کہ اس لفظ کا مطلب ہوتا ہے کہ کسی کی مدد کے بغیر، تاہم دیکھا جائے تو کایلی جینر نے اپنے کاروبار کی مدد سے ہی اتنے پیسے کمائے، لیکن اس کے باوجود امریکی جریدے نے انہیں سیلف میڈ قرار دیا۔

LEAVE A REPLY